لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں رہائی کے لئے درخواست ضمانت پر پولیس کو نوٹس جاری کرکے 27 اپریل کو رپورٹ طلب کر لی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے علی امین گنڈا پور کی رہائی کے لئے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
علی امین گنڈا پور کے وکیل نصیر الدین نیئر ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے بے بنیاد مقدمے میں نامزد کیا، زمان پارک جلاؤ گھیراؤ کے وقت علی امین لاہور میں موجود ہی نہیں تھے۔
وکیل کے مطابق تھانہ ریس کورس پولیس نے گرفتار افراد کے بیانات کی روشنی میں تحریک انصاف کے رہنما کو نامزد کردیا۔
وکیل نے نشاندہی کی کہ علی امین گنڈا پور سے کوئی برآمدگی نہیں ہونی، اس لئے ان کی درخواست ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
ریاست کیخلاف بیان: علی امین گنڈاپور شکار پور کی عدالت میں پیش
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کو ریاست کے خلاف بیان دینے کے خلاف مقدمے میں شکار پور کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔
علی امین گنڈا پور کو شکارپور کی سینٹرل جیل سے سپیشل سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما کو 6 روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔