لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عید الفطر کے موقع پر سیاحتی مقامات پر خصوصی انتظامات کا حکم جاری کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور، مری و دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہترین اقدامات ہونے چاہئیں، سیاحتی مقامات سمیت تمام شہروں میں صفائی، امن و امان پر بھرپور توجہ دی جائے، صفائی کے ناقص انتظامات برداشت نہیں کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ نے لاہور کا پارکنگ نظام ڈیجیٹلائز کرنے کی منظوری دیدی
انہوں نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران صفائی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، مری میں مقررہ تعداد سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی روک تھام یقینی بنائی جائے، عید تعطیلات کے دوران مری جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں اور پارکنگ کے نام پر لوٹ مار کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ہوٹلوں میں اوورچارجنگ روکنے کیلئے متعلقہ عملہ جانفشانی سے فرائض سرانجام دے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل بغیر دستخط کیے واپس بھجوا دیا
سیاحتی مقامات اور پارکوں میں بچوں کے جھولوں کی سیفٹی یقینی بنائی جائے، پارکوں کے جھولوں کے معیار کو جانچ کر باقاعدہ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، کم عمر افراد کے خلاف گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔