لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران حکومت آئینی مشکلات سے دوچار ہو گئی، پنجاب کی نگران حکومت کی 90 روزہ آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد تحریک انصاف نے صدر مملکت کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
خط تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائیں گے، فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پنجاب میں الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کی نگران حکومت عام انتخابات کے انعقاد کیلئے قائم کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شہباز شریف اور عمران خان کو مذاکرات کیلئے منا لیا
فواد چودھری نے کہا کہ محسن رضا نقوی کی نگران حکومت کی آئینی مدت 22 اپریل کو مکمل ہو جائے گی، صدر مملکت سے درخواست کی جائے گی کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع طور پر بھجوائے جانے والے مکتوب کو ریفرنس کے طور پر سپریم کورٹ بھجوائیں۔
انہوں نے کہا کہ 22 اپریل کے بعد پنجاب کی نگران حکومت کی آئینی حیثیت ختم ہو جائے گی، تحریک انصاف اس معاملے پر عدالت عظمیٰ سے استدعا کرے گی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگران حکومتیں الیکشن کرانے کے اپنے مینڈیٹ کو پورا کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: علی زیدی کی گرفتاری لندن پلان کا حصہ، ایسے ہتھکنڈے کسی کام نہیں آئیں گے: عمران خان
فواد چودھری نے کہا کہ عدالت عظمیٰ سے استدعا کی جائے گی کہ صوبے کے انتظامی معاملات کو چلانے کیلئے طریقہ کار واضح کیا جائے، 22اپریل کے بعد محسن رضا نقوی اور ان کی کابینہ کے تمام اقدامات غیر آئینی و قانونی ہوں گے۔