پیپلز پارٹی کے وفد کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 18 April,2023 05:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی، اس موقع پر ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے اور ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج ہمارا وفد ایم کیو ایم کے پاس آیا ہے، سیاسی جماعتوں کا کام راستہ نکالنا ہے، پارلیمنٹ اور عدلیہ میں تصادم ہو رہے ہیں، ہم حل کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں، وزیراعظم کی پارٹی کے ساتھ کل تفصیل کے ساتھ بات ہوئی ہے، آج کوشش کریں گے جے یو آئی کے ساتھ بھی بات کی جائے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ سیاسی ورکرز اپنے سامنے دیواریں کھڑی نہیں کرتے، سڑکیں بناتے ہیں، 22 کروڑ عوام پارلیمنٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں، سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی حالت ٹھیک ہوگی، سیاستدانوں کو مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئیں، سیاسی جماعتوں کا کام ہے کہ مسائل کا حل نکالا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) راضی ہو گئیں

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کو تصادم سے بچاؤ کیلئے بات چیت کی جائے، ہماری آج اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل ہو جائے گی، تمام اداروں کی اپنی اپنی حدود میں رہیں، اگر ہم اپنی حدود سے تجاوز نہیں کریں گے تو تصادم نہیں ہوگا۔

ایم کیو ایم رہنما ابوبکر نے کہا کہ سیاستدان جنگ کیلئے ایوان میں نہیں آتا، عوام ہمیں پارلیمنٹ میں مسائل کے حل کیلئے بھیجتی ہے، پنجاب میں ایک چلتی ہوئی حکومت کو توڑا گیا، ایک سیاسی جماعت نے بحران پیدا کیے، ایسے حالات میں حکومت کیلئے 21 ارب روپے مختص کرنا مشکل ہے، انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، کسی کی ذاتی سوچ کے مطابق ملک نہیں چلایا جاسکتا۔