اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نا اہلی کے بعد پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس قمر زمان کائرہ کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری یاسین، اپوزیشن لیڈر چودھری لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور، سردار حاجی یعقوب، میاں وحید، جاوید ایوب، چودھری عامر یاسین، نبیلہ ایوب نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دے دیا
شرکاء نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا، اجلاس میں آزاد کشمیر کا نیا وزیر اعظم لانے کیلئے پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم جماعتوں کے ارکان کی تعداد پر تبادلہ خیال ہوا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی 12، مسلم لیگ (ن) کی 7 اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کی ایک نشست ہے، پی ڈی ایم جماعتوں کی آزاد کشمیر اسمبلی میں کل 20 نشستیں ہیں۔
وزیراعظم بنانے کیلئے پی ڈی ایم جماعتوں کو 7 مزید ارکان کی حمایت درکار ہے، اجلاس میں تحریک انصاف کے ناراض ارکان کے ساتھ رابطے تیز کرنے پر بھی غور کیا گیا۔