وزیر اعلیٰ بلوچستان کی صوبے میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

Published On 11 April,2023 10:09 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے صوبے کے محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان اعتماد کے ساتھ روزگار کیلئے درخواست دیں، نوجوانوں کو ان کی اہلیت اور صلاحیت کے مطابق میرٹ پر نوکری دی جائے گی، شکایت کی صورت میں وزیراعلیٰ شکایت سیل سے رابطہ کریں، شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا ہے کہ سیکرٹری اور متعلقہ حکام خالی آسامیاں مشتہر کریں، خالی آسامیوں پر میرٹ کے اصولوں کے مطابق بھرتی کا عمل شروع کیا جائے۔