وزیر داخلہ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس، امن و امان کے حوالے سے بریفنگ

Published On 11 April,2023 08:46 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بریفنگ دی۔

دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ 2 روز میں اب تک صوبے میں دہشتگردی کے 4 واقعات ہوئے ہیں، ان میں زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا، پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ اہلکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کیا جائے، صوبائی حکومت دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی، پولیس اہلکاروں کو حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اور جدید آلات فراہم کئے جائیں۔