لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ اپنے نوٹ میں تسلیم کر چکے کہ 90 روز میں الیکشن پر معزز ججوں میں کوئی اختلاف نہیں۔
پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے سے متعلق غیر آئینی بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور ہونا جمہوریت کی نفی ہے، سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم، فنڈز جاری نہ کر کے شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئینی اور قانونی طور پر شہباز شریف کی نااہلی اب نوشتہ دیوار ہے، پی ڈی ایم ٹولہ اس وقت آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، تاریخ ان سے حساب لے گی، سپریم کورٹ اور آئین ساتھ ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اداروں کو لڑانے کی سازش میں ناکام ہو گی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال انشاء اللہ اس مشکل گھڑی میں سرخرو ہوں گے قوم ان کے ساتھ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے سے انکار کرنے والوں پر توہین عدالت لگے گی: پرویز الہٰی
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ نواز شریف انتقامی سیاست کر رہے ہیں ان کا مقصد عمران خان سے بدلہ لینا ہے، نواز شریف کبھی اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، عمران خان کی ایک کال کا انتظار ہے عوام آئین اور عدلیہ کے تحفظ کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں، الیکشن کیلئے فنڈز پارلیمنٹ نے نہیں وزیر اعظم اور وزیر خزانہ نے جاری کرنے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ عملی طور پر سپریم کورٹ کے خلاف پی ڈی ایم کا کیمپ آفس بن چکی ہے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف جاگیں، آئین کی 50 ویں سالگرہ کے نام پر پارلیمنٹ میں گرینڈ سیاسی ڈرامہ رچایا گیا، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کی موجودگی میں عدلیہ کی تضحیک کی گئی۔