لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز چاہتے ہیں کہ ان کی مرضی کے بینچ بنیں جو کبھی نہیں ہوگا، وقت بدل چکا، قوم سازشوں کا منہ توڑ جواب دے گی۔
چودھری پرویز الٰہی سے سابق ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2002ء سے 2007ء کے درمیان میرے دور میں پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کو عالمی اداروں نے ترقی پذیر ملکوں کیلئے رول ماڈل قرار دیا تھا لیکن آج شہباز شریف اور محسن نقوی پنجاب کیلئے کلنک کا ٹیکہ بن چکے ہیں۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) March 31, 2023
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے دنیا کے بہترین زرعی صوبہ پنجاب کو ایتھوپیا بنا کے رکھ دیا ہے، آج جس طرح پنجاب میں لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں مر رہے ہیں اس طرح کے دردناک مناظر صرف ایتھوپیا میں نظر آتے ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نوازشریف اور مریم چاہتے ہیں کہ بینچ چیف جسٹس کی مرضی کے بجائے ان کی مرضی سے بنیں لیکن انشاء اللہ یہ نہیں ہو گا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور ان کے ساتھی حق پر کھڑے ہیں، سپریم کورٹ آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) March 31, 2023
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 141 میں واضح طور پر لکھا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے خلاف قانون سازی نہیں کر سکتی، یہ منافقت اب نہیں چلے گی کہ فیصلہ پی ڈی ایم کے حق میں آئے تو سوموٹو حلال اور فیصلہ پی ڈی ایم کے خلاف آئے تو سوموٹو حرام۔