اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قوم کو آج فیصلہ کرنا ہو گا وہ عدالتوں پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ کھڑی ہو گی یا عدلیہ کا احترام کرنے والوں کا ساتھ دے گی۔
سابق وزیر اعظم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران نیازی صاحب آپ درست فرما رہے ہیں کہ ملک و قوم اس وقت ایک انتہائی نازک موڑ پر کھڑے ہیں، آج قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اجتماعی شعور کا ساتھ دے گی یا تکبر اور ہٹ دھرمی کی بنیاد پر کئے گئے فیصلوں کا۔
انہوں نے کہا قوم فتنے کے آگے جھکے گی یا خیر کیلئے اٹھ کھڑی ہوگی، اداروں کا احترام کرے گی یا اپنی انا کی تسکین کیلئے اداروں کو توڑنے والوں کا ساتھ دے گی، جمہوری رویوں کو اپنائے گی یا عدم برداشت کے کلچر کو اپنائے گی، قانون نافذ کرنے والوں کا ساتھ دے گی یا ان پر پٹرول بم چلانے والوں کا ساتھ دے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا ہے کہ قوم انصاف کرنے والوں کا ساتھ دے گی یا انصاف کے نام پر اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہنے والوں کا ساتھ دے گی، جمہوریت، عزت و احترام اور جیو اور جینے دو کے نظریہ کو اپنائے گی یا جلا دو، مار دو اور کسی کو نہیں چھوڑوں گا جیسے پاگل پن کا ساتھ دے گی۔