قصور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ننکانہ صاحب کے بعد قصورپہنچ گئے، مفت آٹا سنٹر بند ملنے پر شدید برہمی کا اظہار، اسسٹنٹ کمشنر کو عہدے سے ہٹا دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی قصورمیں سمارٹ میرج ہال میں قائم مفت آٹا سنٹر پہنچے تو سنٹر بند تھا ،عملہ اندر بیٹھا دیگر کاموں میں مشغول تھا، عملہ سنٹر بند کرنے کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سوالات کے جواب نہ دے سکا۔
محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور کووارننگ جاری کردی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی رضوان الحق کو عہدے سے ہٹا دیا، انہوں نے کہا کہ وقت سے قبل آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر کو بند کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ابھی 4 بجنے میں 20منٹ رہتے ہیں تو سنٹر پہلے کیوں بند ہے، سنٹر بند کرنے کا یہ کوئی طریقہ ہے نہ ہی جواز ،جس نے بھی غلط بیانی کی اس کے خلاف سخت ایکشن لوں گا ۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ کا مفت آٹا سکیم میں مزید خاندانوں کو شامل کرنے کا فیصلہ
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی آمد کے بعد عملے نے شادی ہال میں قائم آٹا سنٹر کے شٹر اوپر اٹھا دئیے اور شہریوں کو سنٹر میں داخلے کی اجازت دی عملہ بھی کرسیوں پر براجما ن ہوگیا اور آٹے کی فراہمی کا آغاز کردیا۔
قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ننکانہ صاحب کے مفت آٹا سنٹرز کے اچانک دورے کئے، انہوں نے مغل شادی ہال اور جمنیزم ہال میں قائم فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر ز کا وزٹ کیا اور شہریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کو سراہا اور آٹے کی فراہمی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے سنٹرز پر مرد و خواتین کے شناختی ریکارڈز کی تصدیق کے عمل کا معائنہ کیا اور اپنی نگرانی میں بعض مرد و خواتین کے شناختی کارڈز کی تصدیق کرائی، انہوں نے کہا کہ سنٹرز پر انتظامات پہلے سے کہیں بہتر ہیں اور شہریوں کو عزت کے ساتھ آٹے کی فراہمی جاری ہے، میں انتظامیہ اور دیگر اداروں کو اچھے انتظامات پر شاباش دیتا ہوں۔