عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ مصروف دن گزارا، روزہ بھی ساتھ ہی افطار کیا

Published On 02 April,2023 12:00 am

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج کسی عدالت میں "پیشی" نہ ہونے کی وجہ سے اپنے کارکنوں کے ساتھ مصروف دن گزارا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان پر موجودہ حکومت کی جانب سے 100 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں دہشتگردی اور دیگر دفعات کے مقدمات شامل ہیں، متعدد مقدمات میں انہوں نے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے جبکہ بہت سے مقدمات کی اپیلوں پر سماعت ہو رہی ہے۔

ہفتے کے روز عدالت میں کوئی "پیشی" نہ ہونے کی وجہ سے عمران خان نے زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنوں کے ساتھ مصروف دن گزار، افطار سے قبل سابق وزیر اعظم کارکنوں کیلئے بنائے گئے پنڈال میں آئے اور وہاں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ گھل مل گئے۔

افطاری سے قبل پنڈال میں موجود کارکنوں سے عمران خان نے گفتگو کی اور افطاری بھی کارکنوں کے ساتھ بیٹھ کر کی، کارکنوں نے اپنے قائد کو اپنے درمیان موجود پا کر گرم جوشی سے نعرے بازی کی جس کے جواب میں عمران خان نے ان کے حوصلے کی تعریف بھی کی۔

افطاری کے بعد بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کارکنوں کے ساتھ ہی موجود رہے اور ان کے ساتھ کافی دیر تک گپ شپ لگاتے رہے، اس دوران عمران خان نے کارکنوں کو تاکید کی کہ واپس جانے کے بعد ہمارے نظریے کو تبلیغ سمجھ کر گھر گھر پہچائیں۔