لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پاکستان کو سرزمین بے آئین نہیں بننے دے گی، آئین کو بچانے کیلئے پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی ارکان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ مینار پاکستان پر آج پھر تاریخ رقم ہوگی، نا اہل حکمرانوں سے ہمیشہ کیلئے نجات حاصل کرنے کا آغاز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ شہروں کے راستے بند کر کے حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پرعمل پیرا ہے، عوامی سمندر ان کے تمام حربے ناکام بنا دے گا، پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، یہی خوف حکمرانوں کو الیکشن کروانے نہیں دے رہا، صدر عارف علوی نے اپنے خط میں شہباز شریف پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔