اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ عدالت کو وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے ۔
تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف سارے مقدمات نیب کے تھے اور نیب کا سب کو معلوم ہے، ہمارے دور حکومت میں کسی پر مقدمات نہیں بنائے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کے وجود کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، پتہ نہیں رانا ثنا اللہ صاحب کو کس نے ڈرا دیا ہے کہ کوئی آپ کا وجود ختم کرنے والا ہے ۔
اسد عمر نے کہا کہ میرے اوپر 17ایف آئی آر کٹی ہوئی تھیں، جوڈیشل کمپلیکس میں مجھ پر دہشتگردی کا پرچہ کٹا ہوا ہے، ان پرچوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ مقدمات کی تعداد دیکھ لیں تو پتا لگ جاتا ہے جھوٹے مقدمات ہیں اور یہ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے، مجموعی طور تمام کیسسز کے حوالے سے ہماری پٹیشن تیار ہوگئی ہے، صرف اسلام آباد کے 500 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ساڑھے 3سال میں مسلم لیگ ن کے کسی ایک ورکر کو اسلام آباد میں گرفتار نہیں کیا گیا، مجموعی طور پر عمران خان کے لیے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں، عمران خان کو الیکشن مہم کیلئے روکا جارہا ہے، ہماری پٹیشن تیار ہوگئی ہے، وہ آج یا کل دائر کردی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج عدالت کے حکم کے مطابق عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ آئیں گے، لوگوں کو نظر آرہا ہے یہ جھوٹے مقدمات ہیں، عمران خان قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، امید ہے سب معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں گے۔