پی ٹی آئی کی جانب سے ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے : احسن اقبال

Published On 20 March,2023 02:24 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) رہنما مسلم لیگ ن اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سےریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ایک شخص کے لئے وی آئی پی قانون ہے، دیگر لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں ہے؟ ہم سب کے کیا گناہ تھے، ہمیں سالوں اور مہینوں جیلوں کے اندر گلنا پڑا، لاڈلا صاحب کو کوئی سوال نہیں پوچھتا، عدالتیں ان کے لئے کھلی رہتی ہیں ۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی عدالتیں عمران خان کے آگے بے بس نظر آتی ہیں، یہ عدالتوں سے پسند کے فیصلے لیتا ہوا نظر آرہا ہے، یہاں عدالت کے دروازے توڑے گئے کسی نے نوٹس نہیں لیا، اس طرز عمل کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی شہری کے لئے عدالت کو رات 8بجے تک کھلا رہنا چاہیے، ہماری عدلیہ نے عمران نیازی صاحب کے لئے فراخدلی کا مظاہرہ کیا، ہر پاکستانی شہری فراخدلی کا حقدار ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سےنہتی لائن فورسز پر تشدد کیا گیا، جب بھی پاکستان کی گاڑی چلنے لگتی ہے، نیازی صاحب ملک کے اندر لاقانونیت،سیاسی عدم استحکام کیوں پیدا کردیتے ہیں؟

انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نیازی صاحب نے  2013 اور  2018میں  فاشست رویوں کا مظاہرہ کیا، اپوزیشن میں بیٹھ کر کوئی تعمیری کام نہیں کیا، عمران نیازی اپنے اپوزیشن دور میں فساد پھیلاتے رہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ان کے اتحادی ان کے رویے کی وجہ سے ان کو چھوڑ گئے تھے، اس شخص کا 2002سے ایک ٹریک ریکارڈ ہے، اپنی ضد پر 2صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کیا، دو اسمبلیاں اس نوعیت سے توڑی گئیں کہ شاید پورا نظام گرجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ایک تماشہ لگا ہوا ہے، ریاست اس تماشے کی متحمل نہیں ہوسکتی ، پاکستان عمران خان کی ناقص معاشی پالیسیوں سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے، ہم آئی ایم ایف سے معاہدہ دوبارہ بحال کررہے ہیں۔