لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے گرفتار کئے جانے والے پارٹی کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کارکن راجہ شاہد کو پھلگراں سے گرفتار کیا ہے، جبکہ ماڈل ٹاؤن ہمک سے 3 اور بھارہ کہو سے 10 کارکن گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار کارکن جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے واقعات میں ملوث تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے فاشزم کی مثال نہیں ملتی جو بغیر وارنٹ پی ٹی آئی کارکنوں کو اغواء کرنے کیلئے چھاپے مار رہی ہے، کارکن موجود نہ ہو تو ان کے 10 سال سے کم عمر بچوں کو اٹھایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام کارکنوں اور ان کے بچوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
Fascism at unprecedented levels with police in Islamabad raiding homes without warrants to abduct PTI workers. Where the worker is not present, children as young as 10 yrs are picked up. We demand the immediate release of all our workers & their children who have been abducted.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 19, 2023