عمران خان کی جان کو نقصان ہوا توحکمرانوں کو بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی : شیخ رشید

Published On 15 March,2023 11:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو نقصان ہوا تو حکمرانوں کو بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ سارا ملک جام ہوچکا ہے،لوگ سڑکوں پر آگئے ہیں، عمران خان کی جان کو نقصان ہوا تو حکمرانوں کو بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا سپریم کورٹ کا الیکشن کا فیصلہ آخری ہے،ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا، راناثنااللہ کو عمران خان چارپائی کے نیچے نظر آرہا ہے، اپنی چارپائی کے نیچے ڈانگ پھیرلے، وقت تھوڑا ہے اور مقابلہ سخت۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیا لاہور میں پولیس نہیں جو ہر روز اسلام آباد سے زمان پارک پولیس بھیجی جاتی ہے، حالات اتنے خراب ہوگئے ہیں کہ زلمے خلیل زاد ہی نہیں بولے ، بلکہ امریکی خصوصی ایلچی مونیکا مدینا آج 3دن کے لئے پاکستان پہنچ رہی ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے 7کے بجائے6ارب ڈالر بیرونی فنانسنگ پر اتفاق تو کیا ہے لیکن ملکی حالات کسی اور طرف جارہے ہیں۔