لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنان پُرامن رہیں، صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، خان صاحب کل ریلی کی قیادت خود کریں گے۔
زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خان صاحب سے ملاقات کی ہے، ساری صورتحال ان کے سامنے رکھی ہے، خان صاحب نے ریلی کل تک کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری ساتھ امتیازی سلوک برتا جارہا ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکمران انتشار چاہتے ہیں جبکہ ہمارا مطالبہ صرف انتخابات کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حکم کے مطابق آج ہم ریلی نہیں کررہے، کارکن پُرامن طریقے سے منتشر ہو رہے ہیں رات کو پھر جمع ہوں گے، ہم پرامن ہیں حکومت کو تشدد کا موقع نہیں دینا چاہتے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 8 مارچ کو ہمارے کارکنوں پر تشدد ہوا، واٹر کینن استعمال کی گئی ، ہمارا ایک کارکن شہید ہوا، یہ تمام واقعات پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ہم ان حکومتی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :تحریک انصاف نے آج لاہور میں ہونیوالی ریلی کل تک کیلئے ملتوی کردی
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں رات کو اطلاع مل گئی تھی کہ یہ 144 لگا رہے ہیں صرف پی ٹی آئی کو روکنے کے لیے دفعہ 144 لگائی گئی، کسی کو زمان پارک آنے کی اجازت نہیں دی جارہی، اس لیے آج کی ریلی ملتوی کی ہے، کل خان صاحب ریلی کی قیادت خود کریں گے، ریلی زمان پارک سے شروع ہو کر داتا دربار پر اختتام پذیر ہو گی۔
انہوں نے کارکنوں کو پیغام دیا کہ ہم نے جوش سے نہیں ہوش سے کام لینا ہے، ہمیں حکومت کے جال میں نہیں پھنسنا، قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، یہ چاہتے ہیں ہم مشتعل ہوں لیکن ہم نے ایسا نہیں کرنا، ہم پارٹی کارکن کی شہادت کے باوجود بھی پُرامن ہیں، ہم کل پرامن ریلی نکالیں گے، ان کے تمام پلان ناکام ہوں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج لاہور میں ہونیوالی ریلی کل تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔