ڈی سی لاہور نے تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت دینے سے معذرت کر لی

Published On 11 March,2023 09:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت دینے سے معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق ڈی سی لاہور نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کر کے کہا کہ کرکٹ میچ کی وجہ سے کل ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، میچ کے انعقاد اور ٹیم کی آمدو رفت کی وجہ سے انتہائی حساس دن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے لاہور کی انتخابی ریلی کیلئے 2 روٹ فائنل کر لیے

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے ریلی ملتوی نہ کی تو دفعہ 144 کے نفاذ کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا، واضح رہے عمران خان نے کل زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن لاہور کی انتظامیہ کی اس روش کا نوٹس لے، الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد دفعہ 144 کے نفاذ کا کوئی جواز نہیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اس وقت (ن) لیگ کی جلسیاں ہر جگہ ریاستی پروٹوکول میں ہو رہی ہیں، اگر تحریک انصاف کو اس طرح محدود کیا گیا تو رد عمل آئے گا۔