یار محمد رند کے بیٹے سردار خان رند کے قافلے پر بم حملہ، 2 محافظ جاں بحق

Published On 11 March,2023 08:20 pm

بولان: (دنیا نیوز) ایم پی اے سردار یار محمد رند کے بیٹے میر سردار خان رند کے قافلے پر بم حملہ، دھماکہ میں سردار خان کے 2 محافظ جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر فہد شاہ راشدی نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ آئی ڈی بلاسٹ ہے، جاں بحق اور زخمیوں کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا جا رہا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے بتایا کہ میرے بڑے صاحبزادے سردار خان رند کے قافلے پر بم حملہ ہوا ہے، سردارخان رند محفوظ ہیں، تاہم قافلے میں شامل دیگر افراد زخمی اور شہید ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند کے صاحبزادے سردار خان رند کے قافلے پر بم دھماکے کی مذمت کی اور دہشت گردی کی کارروائی میں دو محافظوں کے شہید اور دیگر کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ سردار خان رند دھماکے میں محفوظ رہے، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشت گرد عناصر خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے شہید محافظوں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔