کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سرحدی علاقوں میں اشیائے خورو نوش و اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کا میکنزم بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے محکمہ داخلہ، محکمہ صنعت اور سرحدی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں، انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک سے تجارت کیے جانے والے خام تیل، ایل پی جی، خوردنی تیل اور دیگر اشیاء خور و نوش کی قیمتوں کے تعین کا قابل عمل نظام بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایرانی قونصل جنرل
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سرحدی علاقوں کے عوام ہمسایہ ملک سے قدیم تجارتی روابط رکھتے ہیں، تجارت ہونے والی اشیا خورو نوش اور دیگر اشیا ضروریہ سرحدی علاقوں کے علاوہ دیگر شہروں تک بھی پہنچتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان اشیا کے نرخوں پر کنٹرول نہ ہونے سے ناجائز منافع خوری کا رجحان دیکھنے میں آتا ہے، حکومت کی جانب سے دی جانے والی خصوصی تجارتی سہولت کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچتا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اس صورتحال کا تدارک ضروری ہے، انہوں نے سرحدی اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی فعالی کے ساتھ ساتھ محکمہ داخلہ اور محکمہ صنعت کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔