لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے میاں محمود الرشید کو فون کر کے کارکن علی بلال کی شہادت کے حوالے سے تفصیلات پوچھیں، اس دوران انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی حقوق کچلنے کیلئے پنجاب پولیس کا استعمال جاری، چیف جسٹس نوٹس لیں: پرویز الہٰی
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ علی بلال کی شہادت پر دل رنجیدہ ہے، اس کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، حکومت ظلم کی تاریخ رقم کر رہی ہے، پنجاب حکومت اور پولیس انتقام کی آگ میں حد سے آگے بڑھ چکے ہیں، بدترین سفاکیت سے نہتے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، کیا پی ٹی آئی کارکنوں کی لاشیں گرا کر انتخابات کرائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کی شدید شیلنگ اور تشدد سے پی ٹی آئی کا کارکن شہید
تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کا ظلم جبر اور سفاکیت اس وقت انتہا پر پہنچ چکے ہیں، آئین اور قانون کو مسخ کر کے پنجاب میں جنگل کا قانون رائج ہے، نگران پنجاب حکومت کی خون ریزی کا سپریم کور ٹ نوٹس لے۔