اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ماحولیات سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک صرف سوشل میڈیا اور بیانات تک ہی محدود ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہر شہر سے 2 سو افراد گرفتاری دیں گے لیکن 3 دن گزرنے کے باوجود پورے ملک سے 2 سو افراد نے بھی گرفتاری نہیں دی۔
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) February 25, 2023
انہوں نے کہا کہ صرف 3 دن میں ہی مضحکہ خیز جیل بھرو تحریک ضمانت دو تحریک میں تبدیل ہو چکی ہے، فوٹو سیشنز اور عمران خان کی خوشنودی کیلئے جن گنے چنے پی ٹی آئی رہنماؤں نے گرفتاری دی وہ اب ضمانت کی درخواستیں دے رہے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک بھی شخص نے گرفتاری نہیں دی، خیبر پختونخوا کے لوگوں نے گرفتاری نہ دے کر عمران خان کی ذاتی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگری نے پاکستانی طلباء کیلئے تعلیمی وظائف کی تعداد 400 کر دی: بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ آپ مسلسل من گھڑت اور جھوٹے بیانیے بنا کر لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے استعمال نہیں کر سکتے، لوگ باشعور ہیں، وہ آپ کے بیانیوں اور یو ٹرن سے تنگ آ چکے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ لوگوں کا آپ پر عدم اعتماد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے وہ انتشار اور بدامنی نہیں بلکہ سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔