عمران خان کارکنوں کو جیل بھیج کر خود گھر میں عیش کر رہا ہے: مرتضیٰ وہاب

Published On 22 February,2023 11:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے کارکنوں کو جیل میں بھیج کر خود گھر میں عیش کر رہا ہے۔

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پر ردعمل دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان کا نام نہاد نیلسن منڈیلا عمران خان ہے، عمران خان پاکستان کو اپنی انا کی بھینٹ چڑھا رہا ہے، پہلے ہی کہہ چکا ہوں یہ تحریک انتشار ہے، عمران نیازی کو کوئی سروکار نہیں پاکستان کو کن حالات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو جیل بھیج کر عمران خان ملک کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کر رہا ہے: شرجیل میمن

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک کو ان حالات سے دوچار کیا ہے، پاکستانی قوم ان کے ہتھکنڈوں کو مسترد کر چکی ہے، اب وقت آگیا ہے ایسے شخص سے نجات حاصل کی جائے، پاکستانی قوم عمران نیازی کو ملکی سیاست سے باہر کرے گی۔