پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تیسرے مرحلے کا آج راولپنڈی سے آغاز ہوگا

Published On 24 February,2023 09:42 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز آج راولپنڈی سے نماز جمعہ کے بعد ہوگا، گرفتاریاں کمیٹی چوک اور تھانہ آر اے بازار کے باہر پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس نے رہنماؤں کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی رہنماؤں یا کارکنوں نے امن و امان خراب کیا تو گرفتار کریں گے، راولپنڈی پارٹی رہنماوں کو امن و امان برقرار رہنے تک گرفتار نہیں کریں گے۔

پولیس کے مطابق راولپنڈی میں امن و امان خراب کرنے والے رہنماوں کو اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، راولپنڈی سے گرفتار رہنماوں کو ریجن کی دیگر جیلوں میں بھیجا جائے گا، اڈیالہ جیل میں گنجائش سے زائد قیدی موجود ہیں، مزید قیدی نہیں رکھ سکتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں پولیس نے 9 قیدی گاڑیاں سٹینڈ بائی کر دی ہیں، راولپنڈی پولیس کی 20 بسیں بھی سٹینڈ بائی پر رہیں گی، راولپنڈی ضلع میں تاحال دفعہ 144 نافذ نہیں کی گئی۔