پشاور: سنٹرل جیل کے باہر ہنگامہ آرائی پر مقدمے کی درخواست جمع کروا دی گئی

Published On 23 February,2023 11:16 pm

پشاور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے دوران سنٹرل جیل کے سامنے ہنگامہ آرائی کرنے پر مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست جمع کروا دی گئی۔

درخواست سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے شرقی تھانے میں ارسال کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کئی گھنٹوں تک گیٹ نمبر ایک کے سامنے ہنگامہ آرائی کی، کارکن جیل کی حفاظت کیلئے لگی باڑ کو پھلانگ کر حدود میں داخل ہوئے، سنٹرل جیل پشاور ہائی سکیورٹی زون میں ہے اور خطرناک دہشت گرد یہاں قید ہیں۔

درخواست کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا تھا، 9 کارکن جن کی تصاویر بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، سنٹرل جیل کے اطراف میں پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔

واضح رہے پشاور میں جیل بھرو تحریک کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے سینٹرل جیل کا گیٹ کھولنے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا تھا، پشاور سے پہلی گرفتاری سابق اقلیتی رکن اسمبلی وزیر زادہ نے دی جبکہ سابق رکن صوبائی اسمبلی روی کمار بھی پولیس وین میں سوار ہوئے۔