شاہ محمود قریشی اٹک، اسد عمر راجن پور، مراد راس ڈی جی خان کی جیل منتقل

Published On 23 February,2023 07:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جیل بھرو تحریک کے دوران گرفتاری دینے والے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل جبکہ اسد عمر کو راجن پور کی جیل میں منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کی جانب سے وائس چئیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل پہنچا دیا گیا جہاں جیل کے باہر موجود کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچاور کیں، اس موقع پر حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی گئی، شاہ محمود کی آمد پر جیل کے باہر ہنگامی صورتحال رہی، جیل کے راستوں پر پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی نے پہلی گرفتاری دے کر جیل بھرو تحریک کا آغاز کر دیا

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سمیت 25 کارکنوں کو 2 قیدی وینز میں راجن پور کی جیل میں پہنچا دیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر مراد راس کو ڈیرہ غازیخان جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے قیدیوں کے ساتھ جیل مینوئل کے مطابق سلوک کیا جائے گا کسی قیدی کو کوئی اضافی سہولت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کامیاب نہ ہو سکی

سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، فواد بھلر سمیت تحریک انصاف کے 24 کارکنوں کو بھکر کی ڈسٹرکٹ جیل میں منتقل کر دیا گیا، سینیٹر ولید اقبال کو لیہ اور سینیٹر اعظم سواتی کو رحیم یار خان کی جیل، محمد خان مدنی کو بہاولپور کی جیل پہنچا دیا گیا۔