الیکشن کمیشن کا ایوان صدر کو خط ، مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت

Published On 19 February,2023 02:42 pm

لاہور : (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے صوبوں کے انتخابات سے متعلق ایوان صدر کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت کرلی ۔

 سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری ایوان صدر کو خط لکھا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت تحلیل شدہ اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ گورنر دے سکتا ہے، الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت صوبہ پنجاب و کے پی گورنرز کو خطوط لکھے ۔

یہ بھی پڑھیں :ایوان صدر اجلاس میں شرکت کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب

خط کے متن میں کہا گیا  کہ دونوں گورنرز نے تاحال الیکشن کے لیے تاریخ نہیں دی ، دونوں صوبوں میں عام انتخابات سے متعلق معاملہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے، لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر پنجاب سے مشاورت کا حکم دیا، الیکشن کمیشن حکام نے گورنر پنجاب سے مشاورت کی، گورنر نے انتخابات کی تاریخ نہ دی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کی تاریخ کے بہانے بنا کر آئین سے کھلواڑ کیا جارہا ہے: صدر عارف علوی

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا اپیل دائر کی، الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا کوئی آئینی و قانونی اختیار نہیں ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داروں سے بخوبی آگاہ ہے، الیکشن کمیشن پہلے خط کے جواب میں بھی صدر مملکت کے آفس کو تمام صورتحال سے آگاہ کر چکا، افسوس سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن ایوان صدر کو اس مشاورتی عمل میں شامل نہیں کر سکتا۔