نگران وزیر اعلیٰ کا پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی بورڈ کی تشکیل نو کا حکم

Published On 17 February,2023 06:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے بورڈ کی جلد از جلد تشکیل نو کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی کے زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں چیئرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا

اجلاس میں چیف منسٹر لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم پراجیکٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، نگران وزیراعلیٰ نے کم آمدن والے افراد کیلئے ہاؤسنگ لون کا حصول آسان بنانے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کم آمدن والے افراد کو ہاؤسنگ لون کے اجراء کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اخوت کے ذریعے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی اور دیگر سکیموں کیلئے چھوٹے ہاؤسنگ لون کے اجراء پر غور کیا، اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے ذریعے گھر بنانے کیلئے 80 کروڑ روپے کے آسان قرضے دینے کے امور کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹاسک فورس برائے زراعت تشکیل دیدی

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اپنا گھر ہر انسان کا بنیادی حق ہے، کم آمدن والے لوگوں کو گھر بنانے کیلئے آسان قرضے دینے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، اخوت کے اشتراک سے 5 مرلے سے کم اراضی پر گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے ذریعے 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی سو فیصد ریکوری خوش آئند ہے۔