نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا

Published On 16 February,2023 02:59 pm

لاہور : (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے موسم بہار 2023 کی شجرکاری مہم کاافتتاح کردیا ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں شجرکاری مہم کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ آفس میں بوتل پام کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔

سیکرٹری جنگلات نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی، دوران بریفنگ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات نے عوام کو پودے اور قلمات کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں 489 نرسریاں قائم کی ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، درخت لگانا قومی فریضہ اور سماجی ذمہ داری بھی ہے، شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور درختوں کی دیکھ بھال بھی کریں۔