فواد چودھری کی امریکی سفارتخانے آمد، ڈونلڈ بلوم سے ملاقات

Published On 16 February,2023 11:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی امریکی سفارتخانے آمد، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق فواد چودھری کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کے دوران سفارتی عملے کے اہم ارکان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف امریکا کے مخالف نہیں بلکہ برابری کی سطح پر تعلقات کی حامی ہے، فواد چودھری کی جانب سے پاکستان میں انسانی حقوق کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ امریکی سفیر اور اعلیٰ حکام سے اچھی ملاقات ہوئی، پاکستان میں انسانی وسائل کی بگڑتی ہوئی صورتحال بحث کا خاص مرکز تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں نے امریکی حکام کو پی ڈی ایم حکومت کی طرف سے سیاسی مخالفین کے خلاف انسداد دہشت گردی اور توہین مذہب کے قوانین کے غلط استعمال پر پی ٹی آئی کے خدشات سے آگاہ کیا۔

فواد چودھری نے بتایا کہ سیاسی صورتحال اور مختلف امور پر پی ٹی آئی کے موقف پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس طرح کی ملاقاتیں برابری اور لوگوں کی بھلائی پر مبنی تعلقات کی باہمی خواہش کا حصہ ہیں۔