موسیٰ الٰہی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 فروری تک توسیع

Published On 13 February,2023 02:22 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری وجاہت حسین کے بیٹے چودھری موسیٰ الہٰی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 فروری تک توسیع کر دی۔

گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ موسیٰ الہٰی ضمانت قبل از گرفتاری کے باوجود شاملِ تفتیش نہیں ہوئے۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ موسیٰ الہٰی سے تفتیش درکار ہے اس لیے درخواستِ ضمانت خارج کی جائے۔

عدالت میں موسیٰ الہٰی کے وکیل نے کہا کہ مقدمہ سیاسی بنیاد پر بنایا گیا، پولیس نے موسیٰ الہٰی کو خود شاملِ تفتیش نہیں کیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے موسیٰ الہٰی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 فروری تک توسیع کر دی اور حکم دیا کہ موسیٰ الہٰی کل شام 4 بجے تھانہ ککرالی میں شاملِ تفتیش ہوں۔

واضح رہے کہ سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خان ہسپتال میں جھگڑے کے بعد 16 جنوری کو پولیس کی مدعیت میں موسیٰ الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

موسیٰ الہٰی کے خلاف گجرات کے تھانے ککرالی اور کڑیانوالہ میں مقدمات درج ہیں، تھانہ ککرالی میں درج مقدمے میں موسیٰ الہٰی نے ضمانت قبل از گرفتاری کروا رکھی ہے۔

ضمانت قبل از گرفتاری میں عدالت نے موسیٰ الہٰی کو آج دوبارہ طلب کیا تھا۔