لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت ہر دن میں بڑھتی ہی جا رہی ہے، ان کے الیکشن مہم پر نکلتے ہی مخالفین گیدڑ کی طرح بھاگتے نظر آئیں گے، شہباز شریف کی نااہلی نے عوام کو مہنگائی اور دیگر مالی مشکلات سے دوچار کیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن کا بگل بج چکا، انتخاب بارے آئین اور قانون کے مطابق عدالت کا فیصلہ بھی آ گیا ہے، الیکشن کمیشن فوری انتخابی شیڈول کا اعلان کرے، پی ڈی ایم عوام پر مہنگائی کے جو کوڑے برسا رہی ہے عوام الیکشن میں اس کا بدلہ چکانے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آئین سے کھیلنے سے باز رہے، آئین سے انحراف کی کوشش کے سنگین نتائج ہوں گے، ہر ادارہ مقررہ وقت میں انتخاب کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کا پابند ہے، نواز شریف اب واپس نہیں آئیں گے، (ن) لیگ نے کارکنوں کو لاروں پر لگایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے خوفزدہ نہیں تو پھر حیلے بہانے کیوں؟ ان کا گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ دینے سے کیوں گریزاں ہے؟، قوم دیکھ رہی ہے کہ 13 جماعتی اتحاد کس طرح الیکشن سے بھاگ رہا ہے، پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک اور قوم کو معاشی تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔