لاہور: (دنیا نیوز) نگران حکومت نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی دور کے گجرات ڈویژن کے منصوبوں کی تفصیلات مانگ لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سرکاری خزانے سے گجرات ڈویژن پر کتنی نوازشات ہوئیں، نگران حکومت نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
نگران پنجاب حکومت نے گجرات ڈویژن کے منصوبوں پر جائزہ کمیٹی تشکیل دے دی، 3 رکنی کمیٹی سے 7 روز میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
ذرائع سول سیکرٹریٹ کے مطابق کمیٹی گجرات ڈویژن کے لیے منظور شدہ فنڈز کا جائزہ لے گی، کمیٹی کے ارکان گجرات ڈویژن کا دورہ بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے لیے پرویز الہٰی کے دور حکومت میں 128 ارب روپے مالیت کے منصوبے منظور ہوئے تھے۔