پی آئی اے کا طیارہ مزید 5 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا

Published On 12 February,2023 09:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کیلئے پی آئی اے کا طیارہ مزید 5 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق زلزلے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 72 ٹن امدادی سامان اور 51 ریسکیو ٹیم کے افراد کو لے کر جایا جا چکا ہے، ترکی میں ادانا، استنبول اور شام کے شہر دمشق کیلئے پی آئی اے کی 6 شیڈول اور 2 خصوصی چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ امدادی پروازیں بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے لاہور اور اسلام آباد سے چلائی جا رہی ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، این ڈی ایم اے نے پی آئی اے کے ذریعے کثیر تعداد میں خیمے اور کمبل متاثرہ علاقوں تک پہنچائے ہیں۔

پی آئی اے نے ترکش ائیرلائن اور دیگر حکام کو تمام ممکنہ مدد اور آپریشنل معاونت بھی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، قومی ایئر لائن ترکی میں پاکستانی سفارتخانے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے جس میں آفت زدہ علاقوں سے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا بھی شامل ہے۔