ترکیہ :140 گھنٹے بعد ملبے تلے دبے سات ماہ کے بچے کو زندہ نکال لیا گیا

Published On 12 February,2023 11:10 am

انقرہ : (ویب ڈیسک ) ترکیہ کی امدادی ٹیموں نے ہولناک زلزلے کے بعد ہونیوالی تباہی کے 140 گھنٹے بعد سات ماہ کے بچے کو زندہ بچا لیا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکیہ کی ریاست ہاتائی میں امدادی ٹیمیں پیر کی صبح آنے والے زلزلے کی تباہی کے 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچے کو ملبے کے نیچے سے نکالنے میں کامیاب ہو گئی۔

گریٹر کوکیلی میونسپلٹی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے سات ماہ کے حمزہ کو ہاتائی کے علاقے انطاکیا میں ایک عمارت کے ملبے کے نیچے سے بچا لیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ ٹیموں نے بچے کو ملبے تلے 140 گھنٹے رہنے کے بعد نکالا ، بچے کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس ٹیم کے حوالے کر دیا۔ 

یاد رہے کہ 6 فروری کو صبح کے وقت جنوبی ترکیہ اور شام میں 7.7 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی ، دونوں ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔