پی ڈی ایم بھاگ رہی، ہر بندہ پوچھ رہا ہے الیکشن کب ہوں گے، پی ٹی آئی

Published On 12 February,2023 02:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم انتخابات سے بھاگ رہی ہے، ہر بندہ پوچھ رہا ہے الیکشن کب ہوں گے، سنگل بینچ کے تاریخ ساز فیصلے نے انتخابی عمل کو تیز تر کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور فوکل پرسن جیل بھرو تحریک اعجاز چودھری نے صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ زلزلے کے باوجود ترک صدر نے اپنے ملک میں انتخابات کا اعلان کیا، ہمارے ہاں گنگا الٹی بہہ رہی ہے، اس وقت ملک میں گھمبیر صورتحال ہے، سنگل بینچ نے تاریخ ساز فیصلہ کیا جس نے انتخابی عمل کو تیز تر کر دیا ہے۔

اعجاز چودھری نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 10 ماہ میں کوئی کام آئین کے مطابق نہیں کیا، ہم نے آئین کے مطابق اپنی حکومتیں ختم کیں، ادویات کی قیمتوں میں 300 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، بجلی کی قیمت میں 10 روپے فی یونٹ کا اضافہ ہو رہا ہے،پٹرول کی قیمت 300 روپے تک چلی جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہائیکورٹ نے آئین کی پاسداری کرتے ہوئے 90 روز میں الیکشن کا حکم دیا ہے، ڈور ٹو ڈور مہم میں ہر کوئی پوچھتا ہے الیکشن کب ہونے ہیں، الیکشن کروانا حکومت کی مجبوری بن گئی ہے، مریم نواز جلسوں میں کہتی ہیں ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، اگر الیکشن سے ڈرتے نہیں تو چھپ کیوں رہے ہیں۔