لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے دوران ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مغربی ہوائیں بدھ کی رات کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی، 9 فروری کو ملک کے بالائی علاقوں تک پھیل جائیں گی اور 10 فروری تک شمالی علاقہ جات پر موجود رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش و برفباری کی بھی توقع کی جا رہی ہے، 9 سے 10 فروری کے دوران اسلام آباد ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال میں بارش کا امکان ہے۔
اس سلسلہ میں پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب ، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔