لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عالمی دنیا کو کشمیر پر دہرا معیار چھوڑ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات سب کے سامنے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی سٹیٹس ختم کیا، وادی کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں، لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے مزید کہا کہ عمران خان نے کشمیر کے سفیر کا کردار ادا کیا، انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا رجیم چینج کے بعد دو ماہ سے جو حالات ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، پاکستان کے معاشی و سیاسی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے، سازش کے بعد عمران خان کے ساتھیوں کے اوپر تشدد کیا گیا، گرفتاریوں کے بعد برہنہ کیا گیا اور ظلم کا نشانہ بنایا گیا۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ظلم کی مثال قائم کی ہے، صحافیوں پر بھی تشدد کیا گیا، عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، بغیر نمبر پلیٹ ویگو روکنے پر مجھ پر ڈکیتی کا مقدمہ کر دیا گیا، ہمارے قائد نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے، جب بھی کال دیں گے تو ملک کی جیلیں بھر دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا جیل بھرو تحریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شروع کریں گے، پہلے ہم گرفتاری دیں گے، پھر عوام جیلیں بھرے گی انتہائی قدم کے طور پر جیلیں بھر دیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ جو ڈیل کرنے جا رہے ہیں یہ عام آدمی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے جا رہے ہیں۔