اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ایپکس کمیٹی میں گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ابھی بھی ہماری لیڈر شپ خیبرپختونخوا میں متحرک ہے، انہیں خیبرپختونخوا پولیس سے متعلق ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہیے تھا۔
اسد قیصر نے کہا کہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ صوبہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا، تحریک انصاف کے دور میں دہشتگردی پر مؤثر انداز میں قابو پایا گیا، ہمارے دور میں بم دھماکے، خودکش حملے یا دہشتگردی کے واقعات نہیں ہوئے، دہشتگردی سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی کامیاب رہی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت بڑھتی دہشتگردی سے متعلق مسلسل آگاہ کر رہی ہے، حکومت کی توجہ دہشتگردی کے خاتمے پر بالکل بھی مرکوز نہیں ہے، امپورٹڈ حکومت کا رویہ فسطائیت پر مبنی ہے، یہ مخالفین کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے خیبرپختونخوا کے فنڈز روک لیے، 230 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی بہتری کے لیے ذاتی رنجشیں بھلانے کو تیار ہیں، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔