فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت ملک کافی مشکلات کا شکار ہے، معاشی بحران میں سب سے زیادہ عمل دخل آئی ایم ایف کا ہے، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں اور سبسڈیز کو ختم کریں، آئی ایم ایف کی وجہ سے مہنگائی ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے پہلے شرائط کو پورا کریں بعد میں مدد کریں گے، معاہدے پرعمل کریں گے تو اشیا کی قیمتیں بڑھتی ہیں، پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھ جاتی ہے، وزیراعظم مہنگائی کو کم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے لوگ مختلف قسم کی کہانیاں گھڑ رہے ہیں، دوسری طرف بے شرم شخص چاہتا ہے ملک ڈیفالٹ کر جائے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، اس وقت کوئی نہیں کہہ رہا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کر رہا ہے، جب ملک ترقی کر رہا تھا تو اس بدبخت کو لانے کی کیا ضرورت تھی؟، اس کو لانے کیلئے ایسے کیسز بنائے گئے جو ثابت نہیں ہو سکے، ججز نے چھ پوائنٹ پر مریم نواز کو بری کیا پانچ پوائنٹ کا تعلق نواز شریف سے ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے تین سال مخالفین کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا، اس کے نیتجے میں ملک کی اکانومی نیچے کی طرف گئی، وہ اپنے مخالفین کو گالیاں نکالتا ہے، یہ ایک ایسا فتنہ، فساد ہے اگر قوم پر مسلط ہو گیا تو یہ اس قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا، قوم کو ووٹ کی طاقت سے اس کو مائنس کرنا چاہیے، بدقسمتی ہے بدبخت انسان مسلط ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے مہنگائی ہو گئی، آئی ایم ایف سے معاہدہ تم نے کیا اور توڑ دیا، تم پوری قوم کو فساد کے حوالے کرنا چاہتے ہو، یہ ثابت کرے کہ اس کی آڈیوغلط ہے، تم اتنے بے شرم ہو تمہاری گھٹیا گفتگو کو بندہ تنہائی میں بھی نہیں سن سکتا، سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے، لوگوں کو اوئے، توئے کا کلچر سکھا رہے ہو۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ یہ شخص پاگلوں والی گفتگو کرتا ہے، پروپگنڈے کو ایک منصوبے کے تحت ایک لیڈر کر رہا ہے، بدقسمتی سے ایسے شخص کو مسلط کیا گیا جواپنی ذات کے علاوہ کچھ نہیں دیکھتا، کہتا ہے مخالفین سے بات چیت نہیں کروں گا، کیا اس طرح ملک کی سیاست چل سکتی ہے،بے شرم شخص پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈا کر رہا ہے، یہ مسلسل جھوٹ بولتا ہے، اگر ملزم نوید نہ پکڑا جاتا تو یہ ایسی ہی کہانیاں بناتے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملزم نوید کو ان کے اپنے بندے نے موقع پر پکڑ لیا، کہا جا رہا ہے کہ وہاں پر تین لوگ تھے، اب تین لوگ ڈال دیئے تاکہ وہ لوگ ہی نہ ملیں، فوج کے اعلیٰ افسر کے خلاف بھی جھوٹا پروپگنڈا کیا جا رہا ہے، یہ جھوٹ بولنے کا ماسٹرہے، کہتا ہے میں نے فیصل آباد میں بے شمار قتل کرائے، تم ساڑھے تین سال حکومت میں رہے، اگر میں نے بے شمار قتل کیے تو تمہیں ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی کیا ضرورت تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تھوڑے عرصے کیلئے ہماری حکومت وجود میں آئی، پورے حلقے کیلئے 50 کروڑ کی رقم بہت تھوڑی ہے، وفاق سے حلقے کیلئے مزید فنڈز کی کوشش کروں گا، حلقے کی بہتری کیلئے کاوشیں جاری ہیں، شناختی کارڈ آج کے دور میں بنیادی ضرورت ہے، کوئی بھی سہولت حاصل کرنے کیلئے نادرا کارڈ ضروری ہو گیا ہے، علی پوربنگلا میں بھی نادرا کا دفتر بنایا جائے گا، فیصل آباد کے نادرا آفس کی استعداد کار کو 3 سے 4 گنا بڑھایا جا رہا ہے۔