پی ٹی آئی آج بھی انتقامی کارروائیوں میں مصروف، ایم این اے کی گرفتاری پر وزیر اعظم کی مذمت

Published On 27 December,2022 04:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آج بھی بد ترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ساہیوال سے رُکن قومی اسمبلی محمد اشرف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، عمران خان کے کہنے پر اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی ایم این اے چودھری اشرف کو اینٹی کرپشن پنجاب نے گرفتار کر لیا

انہوں نے کہا کہ 4 سال آپ یہ سب کر کے دیکھ چکے ہیں، سیاسی انتقام کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا، نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی انتقام سے مخالفین کو دھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد اشرف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔