عمران خان نے تحفے بیچ کر دوست ممالک کی محبت کا جنازہ نکالا: وزیر اعظم شہباز شریف

Published On 26 December,2022 04:58 pm

ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے گھڑی بیچ کر پاکستان کی عزت کو خاک میں ملا دیا، تحفے بیچ کر دوست ممالک کی محبت کا جنازہ نکالا گیا، تحفہ تو تحفہ ہوتا ہے، یہ وزیراعظم کو نہیں، ملک کے عوام کو ملتا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی ملک کیلئے فتنہ اور ناسور ہے اسے کچل دیا جائے گا، گھڑی چور نے ملک کو دنیا میں بدنام کیا، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا اور دوست ممالک سے تعلقات خراب کئے، عمران نیازی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے تباہی سابق حکومت کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے ہوئی،عوام پریشان نہ ہوں ملک کو مشکل سے نکالیں گے، سیلاب متاثرین کی گھروں میں آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں سے جنوبی خیبرپختونخوا اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا فتنہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، بنوں میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور کمانڈو افسران اور جوانوں نے آپریشن کیا، آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس واقعہ میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشتگردی کے معاملہ پر اجلاس طلب کیا ہے، ان واقعات کی روک تھام اور دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ادارے مل کر بھتہ خوری، اغواء اور دہشت گردی کے فتنے کو کچل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے اس علاقے میں بہت تباہی ہوئی لیکن آج یہاں ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، سیلاب سے نوشہرہ، چارسدہ، کالام، کوہستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بہت نقصان ہوا، سوات میں جو تباہی ہوئی اس میں بڑا حصہ سابق حکومت کی غلط منصوبہ بندی کا ہے، دریا کے اندر گھر اور ہوٹل بنا دیئے گئے اور صوبے میں اس پارٹی کی حکومت ہے جو دوسروں پر تنقید کرتی ہے لیکن اپنی بری گورننس اور حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے یہاں تباہی ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 جنوری کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو رہی ہے، وہاں بھی دنیا کو بتائیں گے کہ گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک کا زیادہ حصہ ہے، جو تباہی ہوئی ہے وہ ہماری وجہ سے نہیں ہوئی، مخلوط حکومت اور صوبے سیلاب متاثرین کی گھروں میں دوبارہ آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہاں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز مولانا فضل الرحمان کی ذاتی دلچسپی کا مظہر ہے، اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ہکلہ موٹروے بھی تعمیر ہو چکی ہے، ان موٹرویز کے معمار سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ہیں جنہوں نے پورے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا اور موٹرویز کے سی پیک روٹ کے آخری حصے کے طور پر سکھر حیدرآباد موٹر وے کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کو التواء میں ڈالے رکھا، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا جس سے ترقی اور خوشحالی رک گئی، دوست ممالک بھی ناراض کر دیئے گئے تھے، عمران نیازی نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈال لئے اور ملک کو بدنام کیا، مخالفین پر دن رات الزام تراشی اور دشنام طرازی کی جاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب انہوں نے حلف اٹھایا تو انہیں بھی احساس نہیں تھا کہ معیشت سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اتنی تباہ حال ہو چکی ہے، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہو چکا تھا لیکن مخلوط حکومت اور اداروں کی کاوشوں اور عوام کی دعاؤں اور پاکستان کی ہمدردوں کی محنت اور تعاون سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کے بے پناہ چیلنجز موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، دنیا میں کساد بازاری ہے، تیل و گیس کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں تاہم عوام پریشان نہ ہوں مخلوط حکومت اور ادارے ملک کو مشکل سے نکالیں گے، اگر ہم محنت کریں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر چلے گا، نعروں، مرثیوں اور اشعار سے نہیں محنت سے ملک ترقی کرے گا، ڈیرہ اسماعیل خان ژوب سی پیک روٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کہ انہوں نے اس کو ووٹ دینا ہے جس نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی تک بیچ دی اور دن رات دشنام طرازی کرتا ہے یا اس کو ووٹ دیں جو دن رات ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ہم ملک کو غربت اور بیروزگاری سے نکالیں گے، جنہوں نے اس صوبے کا انتظام حکومت دس سال چلایا انہیں عوام کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

اپنے ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی خیبر پختونخوا کے اضلاع کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں چشمہ رائٹ بینک کینال لفٹ گریوی گریویٹی، چشمہ ہائیڈل پاور اسٹیشن کے یونٹ 8 کی رفربشمنٹ،عبدل خیل 132 کے وی اور بند کورائی 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے سی پیک کے مغربی روٹ / موٹروے یارک- سگو- ژوب سیکشن کے پیکج ون کا افتتاح کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم نے انڈس ہائی وے کے مختلف حصوں کی بحالی، پیزو سے ٹانک روڈ اور ڈیرہ اسماعیل خان بائی پاس ،حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ سڑکوں کی بحالی کے کاموں کا افتتاح کیا۔

بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لکی مروت کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دیا اور یونیورسٹی آف لکی مروت میں تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا گیا، وزیراعظم نے اپنے دورہ کے دوران نادرا سروس سینٹر ڈیرہ اسماعیل خان کا افتتاح کیا، خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی وزیر اعظم کے ساتھ موجود تھے۔