وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کا سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان

Published On 25 December,2022 07:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 2 ارب روپے سے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اجلاس سے خطاب میں چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، فنڈ کے ذریعے کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا، انٹرنیشنل کوچز کو مقامی کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے پاکستان بھی بلایا جا سکے گا، فنڈ سے کھلاڑیوں کو سپورٹس سکالر شپ دئیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو بھی بیرون ملک ٹریننگ کیلئے بھجوایا جائے گا، اتھلیٹس، ریسلنگ، باکسنگ، ہاکی، فٹ بال،والی بال، بیڈ منٹن، باسکٹ بال، نیزہ بازی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی، صوبے میں کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس ایرینا کی سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہوگا، ہمارے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس کو مزید نکھارنے کیلئے انٹرنیشنل کوچز سے کھلاڑیوں کی تربیت ضروری ہے، وزیراعلیٰ پرویزالہٰی کی زیر صدارت اجلاس میں چیف سیکرٹری نے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔