دہشت گردی اوراسلامو فوبیا آج کے بڑے مسائل ہیں، بلاول بھٹو

Published On 13 December,2022 07:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور اسلامو فوبیا آج کے بڑے مسائل ہیں۔

عالمی میڈیا کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جمہوریت کے فروغ پر یقین رکھتا ہے، پاکستان علاقائی امن و استحکام میں کردار ادا کر رہا ہے اور افغانستان میں بھی استحکام چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے گزشتہ دنوں افغانستان کا دورہ کیا، پُرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، انہوں نے کہا کہ افغان مسائل کے حل کے لیے اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے، دہشت گردی اور اسلامو فوبیا آج کے دور کے بڑے مسائل ہیں۔

اپنی مرحومہ والدہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانا بی بی شہید کا وژن تھا۔

دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ان کا استقبال کیا، بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں جی 77 اور چین کی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔