راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی دہشتگرد ہیں، انہوں نے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے۔
راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگی قیادت نے ہر الزام کا جواب دیا، پی ٹی آئی کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
کنونشن سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں روز گار تھا، کارخانے تھے، لنگر خانے نہیں، عمران خان اپنے دور میں شروع ہونے والا ایک بھی منصوبہ نہیں دکھا سکتے۔
مریم اورنگزیب نہ کہا کہ نواز شریف مہنگائی کم کر رہا تھا، روزگار لا رہا تھا ، سی پیک لا رہا تھا، عمرن خان امپائیر کی انگلی کا انتظار کر رہا تھا، نوازشریف نے ایٹمی دھماکہ کیا، عمران خان سوتربم دکھا دے جو چلایا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ہزاروں کلومیٹر موٹر ویز بنائیں، عمران خان ایک کلومیٹر سڑک دکھا دے ،نواز شریف نے 14 ہزار میگاواٹ بجلی بنا کر ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے مٹائے، عمران خان ایک کلو میٹر سڑک دکھا دے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو دہشت گردی اور دہشتگردوں سے نجات دلائی، عمران خان دہشت گردی واپس لے آیا، شہبازشریف نے پورے ملک میں میٹرو کے جال بچھائے عمران خان بی آر ٹی پشاور کے پیسے کھا گیا۔