اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رہنما نے کہا کہ حکومت عمران خان کی کسی دھمکی میں نہیں آئے گی۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اداروں کی منتیں کر رہے ہیں ان کے حق میں مداخلت کریں، ابھی تک اس امید میں بیٹھے ہیں کہ ان کو 2018 کی طرح اقتدار میں لایا جائے گا۔
شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کے پنجاب میں اتحادی اور خیبر پختونخوا کے رہنماء اسمبلیاں توڑنے کے حق میں نہیں، وزیراعلی پنجاب کہتے ہیں مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی، خیبر پختونخوا والے کہتے کہ پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کرو۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ عمران خان اسمبلی تحلیل کرنے کو سیاسی دھمکی کے طور پر استعمال کرنا چاہتے، سیاست میں بات چیت غیر مشروط ہوتی ہے، بات چیت سے پہلے مطالبات نہیں کیے جاتے، اگر انتخابی فریم ورک پر بات کرنا چاہتے ہیں تو مثبت یو ٹرن لیں اور اسمبلی آئیں، ورنہ آپ انتخابات کے بعد دھاندلی کا رونا روئے گے
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ وہ بہت مقبول ہیں اس لیے جلد انتخابات چاہتے ہیں، کشمیر کے انتخابات کے بعد ان کو اپنی مقبولیت کا پتا لگ گیا ہوگا، موجودہ معاشی حالات کا ذمہ دار عمران خان خود ہیں، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، عمران خان حکومت میں ہوتے تو ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہوتا۔