آرمی چیف اور انکی فیملی کے اثاثوں سے متعلق مہم حقائق کے منافی ہے: آئی ایس پی آر

Published On 27 November,2022 01:02 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے اہلخانہ کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اعداد و شمار کو بے بنیاد قرار دیدیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی فیملی کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اعداد وشمار شیئر کیے گئے ہیں، اعداد و شمار مفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کر پیش کیئے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک خاص گروپ نے نہایت چالاکی و بد دیانتی کے ساتھ جنرل قمر جاوید باجوہ کی بہو کے والد (سمدھی) اور فیملی کے اثاثوں کو آرمی چیف اور خاندان سے منسوب کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جانب سے کہا گیا ہے یہ سراسر غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے آرمی چیف جنرل باجوہ کے چھ سالہ دور میں ان کے سمدھی کی فیملی نے بنائے جو قطعی طور پر حقائق کے منافی ، کھلا جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ان کی اہلیہ اور خاندان کا ہر اثاثہ ایف بی آر میں باقاعدہ ڈکلیئرڈ ہے اور باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہیں، ہر شہری کی طرح آرمی چیف اور ان کی فیملی ٹیکس حکام کے سامنے اپنے اثاثہ جات سے متعلق جواب دہ ہیں۔