لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی غیر آئینی اقدام پر یقین نہیں رکھتے، جمہوریت کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما فواد چودھری سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم کو گجرات کی تحصیل لالہ موسیٰ، جھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری کے قریب لانگ مارچ کے جلسوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین سے پی ٹی آئی رہنما اور سینئر قانون حامد خان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی غیر آئینی اقدام پر یقین نہیں رکھتی، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو جمہوریت کی بالادستی کی جنگ لڑ رہی ہے۔
اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کو کوئی شوق نہیں کہ ان کی کوئی پسند کا آرمی چیف لگے، جو میرٹ پر ہے اسے آرمی چیف لگا دیا جائے۔
اسد عمرنے جھنگ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہ عمران خان نے کسی ادارے سے غلط کام نہیں کروایا۔ آج لانگ مارچ کا آغاز سلطان باہو کے دربار سے ہوا ہے، ملک میں کہیں بھی آئین اور قانون نظر نہیں آرہا، عمران خان کی کال جس دن عوام باہر نکلی اسی دن نظر آگیا تھا کہ پاکستان پچھلے پچھتر سال والا پاکستان نہیں رہے گا۔ یہ وہ پاکستان نہیں رہے گا جہاں پاکستان کی عوام کے فیصلے بند کمروں کے اندر، ضمیروں کی منڈی لگا کر طاقت کا لین دین کرکے کیے جائیں گے یا لندن میں امریکا میں کیے جائیں گے بلکہ پاکستان کے فیصلے ملک میں ہی ہوں گے۔