لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکا سے آئے تنویر احمد بھی موجود تھے۔
صادق سنجرانی نے پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے پرویزالٰہی کے انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے مختصر عرصے سے فلاح عامہ کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ اور جدید تربیت کیلئے تنویر احمد امریکا سے کوچز لائیں گے۔
تنویر احمد نے کہا کہ پاکستان میں نیزہ بازی، کشتی کے فروغ ، تربیت کیلئے فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے، کھلاڑیوں کے معاملے میں پاکستان نہایت زرخیز ہے جس کی سرپرستی کیلئے اقدام کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، مسلم لیگ ن نے میرے دور کے فلاحی منصوبوں کو سیاسی انا کی بھینٹ چڑھایا، ن لیگ نے ہمیشہ انتقام کی سیاست کی، پنجاب سے ماضی میں ن لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت تھی، اب ن لیگ کا جی ٹی روڈ سے بھی صفایا ہو گیا ہے، ہماری سیاست کا محور غریب آدمی کی ویلفیئر ہے، ہم نے ماضی میں انتقام کی سیاست کی نہ آئندہ کریں گے، پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں۔